نومبر 2022ء کا ایم ڈی کیٹ رزلٹ 2 سال تک قابلِ قبول قرار

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 دسمبر 2023ء ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نومبر 2022ء کا ایم ڈی کیٹ رزلٹ 2 سال تک درست اور موزوں قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے کیوں کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نومبر 2022ء کے ایم ڈی کیٹ رزلٹ کو 2 سال کے لیے موزوں قرار دیا ہے، اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فیصلہ جاری کر دیا، درخواست گزارکی جانب سے خلیق الرحمن سیفی ایڈوکیٹ نے کیس کی پیروی کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ نومبر 2022ء کا ایم ڈی کیٹ رزلٹ نومبر 2024ء تک قابل قبول ہے، درخواست گزار لائبہ رؤوف نے نومبر 2022ء میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کیا، اُس وقت قانون کے تحت ٹیسٹ کا رزلٹ 2 سال کے لیے موزوں اور درست تھا۔ عدالتی فیصلے سے معلوم ہوا ہے کہ اسی قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست گزار نے پی ایم ڈی سی کے 14 جولائی 2023 کے پبلک نوٹس کو چیلنج کیا کیوں کہ پی ایم ڈی سی نے نوٹس میں کہا تھا 2022ء کے پاس کردہ ایم ڈی کیٹ پر 2023ء میں داخلہ نہیں ملے گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ 2021ء کی ریگولیشنز کے مطابق نومبر 2022ء کے ایم ڈی کیٹ نتائج 2 سال کے لیے موزوں ہیں، اس لیے بعد میں کیے جانے والے ایڈمنسٹریٹو فیصلے سے پٹیشنر سے یہ حق واپس نہیں لیا جا سکتا، اسی بنیاد پر درخواست گزار کا ایم ڈی کیٹ رزلٹ نومبر 2022ء سے نومبر 2024ء تک موزوں اور قابل قبول ہو گا، پٹیشنرکا کیس میں جو خرچ آیا وہ بھی پی ایم ڈی سی ادا کرے گی۔

Comments

Popular posts from this blog

انڈوں کی فی درجن قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی